امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر کا ماحول دوست جہاز رانی میں پاکستان کی معاونت کے عزم کا اعادہ
کراچی امریکا نے جہاز رانی کے شعبے میں پائیدار اور ماحول دوست اصولوں پر مبنی جہاز رانی کو فروغ دینے کے حوالے سے قومی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے حکومت پاکستان اور جہاز رانی کی صنعت کے ساتھ اپنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا ہے،
اس منصوبے سے عالمی ماحولیاتی تبدیلی کو روکنے اور پاکستان کی تجارتی مسابقت کو فروغ دینے کیلئے جہاز رانی کے پائیدار اصولوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نےماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی غرض سے ماحولیاتی اصلاحات کیلئے وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری حسین اسلام وزارت جہاز رانی کی ڈائریکٹر جنرل برائے پورٹس اینڈ شپنگ عالیہ شاہد کے ہمراہ دوسری گرین شپنگ راؤنڈ ٹیبل کی میز بانی کی،
انھوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے سدباب کیلئے فوری اوراجتماعی عملی اقدامات کی ضرورت پر زوردیا۔ راونڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی ایم شوفر نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی کیلئے پائیدار جہاز رانی کے اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کراچی میں تعینات قونصل جنرل کونرڈ ٹربل، یوایس ایڈ اور امریکی محکمہ توانائی کے نمائندوں کے ہمراہ ان مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مؤثر بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ ماحولیات کے حوالے سے ہمارے مشترکہ چیلنجوں کی بنا پر یہ امرناگزیرہو چکا ہے کہ ہم دوطرفہ مؤثر مکالمے میں شامل ہوں۔ آج کی یہ راؤنڈ ٹیبل پائیداراور سخت جان ماحولیاتی مستقبل کے حوالے سے ہمارے عزم کا ثبوت ہے، جس سے نہ صرف ہمیں بلکہ آنے والی نسلوں کو فائدہ ہو گا۔ گرین شپنگ راؤنڈ ٹیبل کے اسٹیک ہولڈرز نےبندرگاہ پر اور پاکستان میں جہاز رانی اور نقل و حمل کے شعبوں میں کاربن کے اخراج میں کمی لانےکے مواقع پربات چیت کی۔