قومی کرکٹ ٹیم کرکٹرز کی 2023 میں کرکٹ کے میدان میں کارکردگی

سدرہ پٹیل سدرہ پٹیل

قومی کرکٹ ٹیم کرکٹرز کی 2023 میں کرکٹ کے میدان میں کارکردگی

پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کرکٹرز کی 2023 میں کرکٹ کے میدان میں کارکردگی جیسی بھی ہو لیکن آدھی ٹیم نے شادی کر کے نئی زندگی کی اننگ شروع کردی۔ اس سال کئی کرکٹرز نے شادی کا لڈو کھایا لیکن سابق کپتان بابر اعظم اس سال بھی یہ لڈو نہ کھا سکے


شادی وہ لڈو جو کھائے پچھتائے جو نہ کھائے وہ بھی پچھتائے


سال 2023 کو پاکستان کرکٹ میں جہاں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی، تنازعات، ٹیم منیجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ اور مجموعی وانفرادی ریکارڈز کے پیمانے میں ناپا جائے گا وہیں یہ سال ٹیم میں شادیوں کے سیزن کے طور پر بھی یاد رکھا جائے گا


پاکستانی کرکٹرز میں شادی کا لڈو سب سے پہلے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے چکھا اور وہ جنوری میں سہرا باندھ کر گئے اور اپنی دوست نیشے خان کو دلہن کو بیاہ کر گھر لے آئے۔ان کی دعوت ولیمہ کراچی کے ایک معروف ہوٹل میں ہوئی جس میں قومی کرکٹرز سمیت پی سی بی حکام اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے شرکت کی۔


آل راؤنڈر شاداب خان نے فروری میں نئی زندگی کی شروعات کیں۔ ان کی شادی سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے ہوئی۔ اس شادی کو میڈیا میں زبردست کوریج ملی اور کئی دن تک اس کا چرچا ہوتا رہا جب کہ سوشل میڈیا پر بھی وہ ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔


پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی شادی دو مراحل میں ہوئی۔ سال کے آغاز پر فروری میں پی ایس ایل سیزن 8 سے قبل ان کا نکاح شاہد آفریدی کی بیٹی انشا سے ہوا جب کہ رخصتی ایشیا کپ کے بعد طے پائی۔ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے درمیان مختصر وقفے میں شاہین آفریدی بھی انشا کو ڈولی میں بٹھا کر اپنے گھر لے گئے۔


جولائی میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف اپنی بچپن کی دوست مزنا کو جیون ساتھی بنا کر گھر لے آئے۔ ان کی شادی کی تقریبات رنگا رنگ رہیں اور ہر تقریب ایک سے بڑھ کر ایک رہی ۔حارث رؤف کی مہندی کی تقریب میں ہیوی بائیک اور گھوڑے پر انٹری دی،

قوالی نائٹ اور شادی کے بعد اہلیہ کے ہمراہ خوبصورت فوٹو شوٹ سب کو بھایا اور سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی کنواروں کی فہرست سے نکل گئے اور نومبر میں سر پر سہرا سجا کر دولہا بن گئے ان کی شادی کرکٹر کے آبائی علاقے پھول نگر میں ہوئی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے امام الحق کی شادی ان کی دوست انمول سے ہوئی،

رنگا رنگ تقریبات کا آغاز قوالی نائٹ سے ہوا جس میں سابق کپتانوں سرفراز احمد اور بابر اعظم نے اپنی آواز کا جادو جگا کر میلہ لوٹ لیا۔

سابق کپتان بابر اعظم اپنے ساتھی کرکٹرز کی شادی میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور تقریبات میں پیش پیش رہے لیکن ان کی شادی کے حوالے سے سارا سال ہی افواہیں گردش کرتی رہیں حتیٰ کہ ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم کی بھارت میں اپنی شادی کے لیے شاپنگ کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بنیں لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی بات سامنے نہیں آ سکی ہے