کوئٹہ، یکم اکتوبر: صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن NIPA کوئٹہ میں 47ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (MCMC) کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ سرکاری افسران ریاستی نظام کے اہم ستون ہیں، ان کی پیشہ ورانہ تربیت، انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ اور جدید طرزِ حکمرانی سے آگاہی بہتر عوامی خدمت اور موثر گورننس کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی ادارے افسران کی قائدانہ اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سید علی رضا شاہ نے ادارے کے کردار، تربیتی پروگرامز اور افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے 27 افسران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔