سندھ میں خسرہ، روبیلا اور او پی وی ویکسینیشن مہم 2025 کا آغاز

عرفان علی عرفان علی

سندھ میں خسرہ، روبیلا اور او پی وی   ویکسینیشن مہم 2025 کا آغاز



سندھ میں خسرہ، روبیلا اور او پی وی 

ویکسینیشن مہم 2025 کا آغاز


کراچی: ای پی آئی سندھ نے محکمہ صحت و پاپولیشن ویلفیئر کے تعاون سے خسرہ–روبیلا (MR) اور او پی وی (OPV) ویکسینیشن مہم کے باضابطہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔ صوبے بھر میں اس مہم کو بچوں کو خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسی قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ای پی آئی سندھ کے مطابق ویکسینیشن مہم کا بنیادی مقصد بچوں کی قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط بنانا اور صوبے میں حفاظتی ٹیکوں کی شرح میں اضافہ کرنا ہے۔ محکمہ اطلاعات سندھ بھی اس مہم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور محکمہ صحت کے ساتھ مل کر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر آگاہی کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ والدین زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے بچوں کو ویکسینیشن کے لیے لائیں۔


افتتاحی تقریب کے دوران صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے والدین سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور بچوں کو بروقت بوسٹر ڈوز ضرور لگوائیں۔

انہوں نے میڈیا نمائندگان اور میڈیا ہاؤسز سے بھی درخواست کی کہ وہ عوامی آگاہی میں مثبت کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے اور بوسٹر ڈوز بھی لگائے اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ افتتاحی تقریب آئیڈا ریویو اسکول اینڈ کالج فار بلائنڈ اینڈ ڈیف، نظامی روڈ، مزارِ قائد کے قریب، سینٹرل جیکب لائنز کراچی میں منعقد ہوئی۔ حکومتِ سندھ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ویکسینیشن مہم میں بھرپور حصہ لیں تاکہ بچوں کو جان لیوا مگر قابلِ انسداد بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔