اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے عالمی کاروباری اور پارلیمانی رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو میں جدید میڈیا، آن لائن سیفٹی، ہائبرڈ وارفیئر اور ڈس انفارمیشن سے نمٹنے کے موضوعات شامل تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان دنیا کے لیے ایک قابل اعتماد دوست ملک ہے اور ہم اپنے عالمی پارٹنرز کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان انفرااسٹرکچر، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک چاہتا ہے، جبکہ ڈیجیٹل سیکیورٹی کے میدان میں تعاون کو انتہائی ضروری قرار دیا۔
وفد نے پاکستان کے میڈیا اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی استعداد بڑھانے کے راستوں پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں تعلیم، صحت، خواتین کی معاشی شرکت اور سماجی شمولیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
مزید برآں، خطے میں امن، معاشی راہداریوں، ٹرانزٹ ٹریڈ اور پاکستان کے جغرافیائی کردار پر بات چیت کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان، وسطی ایشیا اور خلیجی منڈیوں کے ساتھ روابط کو وسعت دینے کی تجاویز سے اتفاق کیا۔