2025 پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کی فاسٹ ٹریک پروموشنز کا سال رہا

سدرہ عارف سدرہ عارف

 2025 پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں کی فاسٹ ٹریک پروموشنز کا سال رہا

  


لاہور: پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق سال 2025 محکمہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کے لیے فاسٹ ٹریک پروموشنز کا سال ثابت ہوا۔ مجموعی طور پر 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو ترقی دی گئی۔  

اعداد و شمار کے مطابق 38 ڈی ایس پیز کو ایس پی، 191 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی، اور 46 سینئر ٹریفک وارڈنز کو ٹریفک آفیسرز کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ایک ہزار 47 سب انسپکٹرز انسپکٹر، 907 اے ایس آئیز سب انسپکٹر، اور 1054 ہیڈ کانسٹیبلز اے ایس آئی بن گئے۔ اسی طرح 2 ہزار 562 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔  

ترقیوں کا سلسلہ صرف پولیس فورس تک محدود نہیں رہا بلکہ جونیئر کلرکس، سٹینوگرافرز اور دیگر سٹاف کو بھی پروموشنز دی گئیں۔ ان میں 7 سینئر سکیل سٹینوگرافرز، 19 اسسٹنٹس اور 80 سینئر کلرکس شامل ہیں۔  

آئی جی پنجاب عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں 30 ہزار سے زائد محکمانہ پروموشنز دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال کے پروموشن بورڈز کا ایڈوانس شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پنجاب پولیس کا پروموشن اور سروس اسٹرکچر اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔  

آئی جی پنجاب نے ترقی کے منتظر افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اے سی آرز اور ریکارڈ بروقت مکمل کریں تاکہ انہیں بھی جلد از جلد پروموشن کا موقع فراہم کیا جا سکے۔