پشاور: صنم جاوید کے مبینہ اغوا کی ایف آئی آر درج، وزیر اعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دے دیا
پشاور — پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کے مبینہ اغوا کا واقعہ گزشتہ رات پشاور میں پیش آیا۔ ایڈووکیٹ حرا بابر کی مدعیت میں تھانہ شرقی میں نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 365 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 10:40 بجے سول آفیسرز میس کے سامنے ایک سبز ویگو اور سفید کار نے صنم جاوید کی گاڑی کا راستہ روکا، پانچ افراد نے زبردستی انہیں گاڑی میں بٹھا کر لے جانے کی کوشش کی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صنم جاوید کو پشاور سے "اٹھا لیا گیا"۔
واضح رہے کہ صنم جاوید کو 9 مئی کے مقدمے میں حال ہی میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم وہ ابھی گرفتار نہیں ہوئی تھیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل نے بتایا کہ ایف آئی آر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر درج کی گئی، اور واقعے کی مکمل و شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔