بدین: سندھ کے ضلع بدین کے ایک دور دراز گاؤں میں قائم امن ایلیمنٹری اسکول کے بانی اور سربراہ مکیش میگھواڑ نے بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹرنیشنل اسکول نیٹ ورکس ایوارڈز 2026 میں جامع اور مساوی تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات پر ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
مکیش میگھواڑ کو یہ اعزاز Inclusive Education Excellence کیٹیگری میں گلوبل اسکولز کانفرنس 2026 کے موقع پر دیا گیا، جہاں تعلیمی قیادت اور محروم طبقات کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
حاجی جئیند خان لغاری، تعلقہ ٹنڈو باگو، ضلع بدین میں قائم امن ایلیمنٹری اسکول سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن (SEF) کے تعاون سے کام کر رہا ہے۔ ایسے علاقے میں جہاں معیاری تعلیم تک رسائی ایک بڑا چیلنج ہے، اسکول اس وقت 416 بچوں اور بچیوں کو تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
اسکول میں جدید طریقۂ تدریس کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، STEM اور ڈیجیٹل تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔
مکیش میگھواڑ کی یہ کامیابی برسوں کی محنت، مستقل مزاجی اور اس سوچ کا نتیجہ ہے کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی طبقے یا علاقے سے ہو۔
یہ اعزاز صرف مکیش میگھواڑ کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ امن ایلیمنٹری اسکول کے 416 طلبہ، اساتذہ، والدین، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور ان تمام افراد کی مشترکہ کامیابی ہے جنہوں نے اس تعلیمی مشن میں اپنا کردار ادا کیا۔
بدین کے ایک دور افتادہ گاؤں سے عالمی سطح پر حاصل ہونے والا یہ اعزاز نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم، محنت اور مساوی تعلیم کے وژن کے ذریعے عالمی سطح پر شناخت حاصل کی جا سکتی ہے۔