قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کےارکان نے کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔ تاجر برادری کو درپیش مسائل پر حل کی یقین دہانی کرائی۔ کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار تین ماہ کمیٹی کے ارکان سے بھی نہیں ملے۔ ابتر معاشی صورتحال کا ذمہ دار بھی وزیر خزانہ سمیت گورنر اسٹیٹ بینک کو قرار دے دیا۔
چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس قیصر شیخ نے ٹیم کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔قیصر شیخ کا بزنس کمیونٹی سے خطاب میں کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار اسحاق ڈار، گورنر اسٹیٹ اور چئیرمین ایف بی آر ہیں۔ اسحاق ڈار تین ماہ میں اب تک کمیٹی سے بھی نہیں ملے۔ مسائل کے حل لئیے اسٹیٹ بینک سے رابطے میں ہیں ۔
چئیرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح پالیسی نہیں ہے۔ ڈیمریج اور ڈیٹنشن کی مد میں لاکھوں ڈالر لگ چکے ہیں۔ اس وقت بینک 1500 ڈالر کی ایل سی بھی نہیں کھول رہے۔
اسٹیڈنگ کمیٹی کے ممبران کا کہنا تھا کہ اس وقت چیلنجز کا سامنا ہے۔ کمیٹی اپنی سفارشات حکومت کے سامنے رکھتی ہے۔کمیٹی فیصلے نہیں کرسکتی۔ کوشش ہے کہ جلد ضروری اشیاء کے کنٹینرز کو کلئیر کروا دیا جائے۔