کراچی میں ایک اور ماں کا جگر گوشہ جان سے گیا۔ بلدیہ مواچھ گوٹھ میں کھلا گٹر چار سالہ بچی کی زندگی نگل گیا۔
ملیر میمن گوٹھ میں چودہ اگست کو قومی پرچم کے رنگوں سے مشابہ لباس پہنا ڈھائی سالہ بچہ گٹر کے اندھیروں میں زندگی ہار بیٹھا تھا۔
بلدیہ ٹاؤن مواچھ گوٹھ کی گلی میں کھیلتی ننھی کلی کھلے گٹر میں گرگئی۔ پولیس کے مطابق چار سالہ بچی کی شناخت عمرہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔
شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش نکالی۔ بچی کے ورثا نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا اور نجی اسپتال سے لاش لے کر چلے گئے۔
موچکو پولیس کے مطابق بچی کے ورثاء سے رابطے اور مزید تفصیلات جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
چودہ اگست کو ملیر میمن گوٹھ میں قومی پرچم کے رنگوں سے مشابہ لباس پہنا ڈھائی سالہ نعمان بھی گٹر کے اندھیروں میں زندگی ہار بیٹھا تھا۔
یہ واقعہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبد اللہ مراد کے انتخابی حلقےمیمن گوٹھ جاموٹ پاڑہ میں پیش آیا تھا ۔
واقعہ کے بعد میئر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے شہر میں کھلے گٹروں پر ڈھکن لگانے کےاحکامات جاری کئے گئے تھے۔