کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں عامر نواز کی گاڑی اور ان کے پیچھے موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کو دیکھا جاسکتا ہے، واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔۔۔
کراچی میں تین روز قبل آئی آئی چندریگر روڈ پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ پر مبینہ حملہ کیا گیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔۔۔ فوٹیج میں نمایاں ہے کہ عامر نواز وڑائچ کی گاڑی مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی آئی آئی چندریگر روڈ پہنچی ، اس دوران تعاقب میں موٹر سائیکل سوار افراد کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔۔۔ جونہی عامر نواز آئی آئی چند ریگر روڈ پر ایک ہوٹل پر رکے انہیں چار سے چھ افراد نے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا اور عامر نواز زمین پر گرتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں۔۔۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ میٹھادر تھانے میں عامر نواز وڑائچ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقدمے کے متن کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزموں نے متاثرہ وکیل کو ایم اے جناح روڈ پر بھی روکنے کی کوشش کی تھی ۔۔۔حملہ آور ان کے موبائل فون سمیت دیگر قیمتی اشیا بھی اپنے ہمراہ لے گئے ،مقدمے کے متن کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے ایک خاتون کے بارے میں پتہ چلا جن کی طرف سے حملہ کروایا گیا ہے۔۔۔