تھیلیسیمیا آگاہی سیمینار
ماہرین کی جانب سے کمیونٹی کی شمولیت کے حوالے سے ماہرانہ آرا پیش کی گئیں
کراچی سدا ویلفیئر فاؤنڈیشن نے روٹری کلب آف کراچی نیو سینٹرل، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ ) اور پاکستان پیڈی ایٹرک ایسوسی ایشن (پی پی اے ) کے اشتراک سے آج نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں کراچی میں کامیابی سے تھیلیسیمیا آگاہی سیمینار کا انعقاد عمل میں آیا۔
تقریب کی صدارت گورنر سندھ کے ایڈوائزر مزمل اطہر نے کی، اس موقع پر سدا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ٹرسٹیز، روٹری کلب آف کراچی نیو سینٹرل کے اراکین، این آئی سی ایچ اور پی پی اے کے نمائندگان اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ مؤثر تقریب تھیلیسیمیا کی آگاہی، اس کی روک تھام اور متاثرہ افراد اور خاندانوں کے لیے تعاون فراہم کرنے کے حوالے سے ایک طاقتور پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد این آئی سی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر سلیم سڈل اور روٹری کلب آف کراچی نیو سینٹرل کی چارٹر صدر اور تھیلیسیمیا سیمینار کی پروجیکٹ چیئر شہناز رمزی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
کنسلٹنٹ پیڈی ایٹرک ہیماٹولوجسٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ فزیشن ڈاکٹر ثاقب انصاری نے اپنے کلیدی خطاب میں ابتدائی اسکریننگ، جینیاتی رہنمائی اور عوامی تعلیم و احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر زور دیا۔
بعد ازاں طبی ماہرین پر مشتمل ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوا جس میں یاسمین قاضی، پروفیسر اقبال میمن، پروفیسر نجمہ پٹیل اور پروفیسر محسنہ نور ابراہیم شامل تھیں، جس کے بعد سوال و جواب کا مختصر سیشن بھی ہوا ۔
اس اہم موقع پر چیئرپرسن سدا ویلفیئر فائونڈیشن فوزیہ صدیقی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی تنظیم تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو مفت خون فراہم کرنے اور این آئی سی ایچ کو ان کے روزمرہ اخراجات میں مدد دینے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے اس اہم مسئلے کی سنگینی کو تسلیم کیا اور تمام شراکت داروں کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔
اس کے بعد خصوصی طور پر مدعو کیے گئے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ معزز مہمانوں و پینلسٹس کو شیلڈز و اجرک پیش کی گئیں۔
روٹری کلب آف کراچی نیو سینٹرل کی تھیلیسیمیا چیئر ڈاکٹر طلعت رضوی نے اپنے کلب کی جانب سے، جبکہ پروفیسر محسنہ ابراہیم نے این آئی سی ایچ کی جانب سے اختتامی کلمات ادا کیے۔