کراچی، 19 اگست 2026 – محکمہ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی (ایس ای ایل ڈی)، حکومتِ سندھ نے یونیسف اور خان اکیڈمی پاکستان کے اشتراک سے آج پاکستان کے پہلے اے آئ پر مبنی اساتذہ تربیتی پروگرام کی تکمیل کا جشن منایا۔
اس پروگرام کے لیے 6,000 سے زائد اساتذہ نامزد کیے گئے، جو 3,500 کے اصل ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔ ان میں سے 3,503 اساتذہ اور اہلکاروں نے تربیت مکمل کی، جن میں 3,436 سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور اہم اساتذہ تربیتی اداروں (پی آئی ٹی ای، ایس ٹی ای ڈی اے، ڈی سی اے آر اور ٹی ٹی آئیز) کے 67 اہلکار اور فیکلٹی ممبران شامل ہیں۔ کل 3,181 اساتذہ کامیاب قرار پائے اور انہیں سند دی گئی، جو 91 فیصد کامیابی کی شرح ہے۔ تربیت یافتہ اساتذہ میں خواتین کی تعداد 58 فیصد رہی، جن کی کامیابی کی شرح 92 فیصد رہی، جبکہ مرد اساتذہ کی کامیابی کی شرح 89 فیصد رہی۔
یہ تربیت مکمل طور پر آن لائن، 88 گروپس کی صورت میں فراہم کی گئی، جس میں ہر گروپ کے لیے تقریباً سات گھنٹے کی براہِ راست انٹرایکٹو نشستوں کے ساتھ ساتھ خان اکیڈمی کے آن لائن لرننگ پلیٹ فارم پر چار ہفتوں کی خود کار رفتار سیکھنے کی سرگرمیاں شامل تھیں، جبکہ واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ساتھی اساتذہ کی معاونت بھی فراہم کی گئی۔ اس تربیت کے ذریعے اساتذہ کو خان اکیڈمی کے مصنوعی ذہانت پر مبنی تدریسی معاون خانمیگو کے استعمال کی تربیت دی گئی، جس میں سبق کی منصوبہ بندی، سوالات اور امتحانی پرچہ جات کی تیاری، جماعتی سرگرمیوں کی تشکیل، اور مختلف سطح کی صلاحیت رکھنے والے طلبہ کی معاونت شامل ہے، جبکہ ہر فیصلہ بہرحال متعلقہ استاد کی صوابدید پر منحصر رہا۔ سند کے حصول کے لیے کورس میں کامیابی کے ساتھ ساتھ اگلے چھ ماہ تک جماعت میں خانمیگو کے مسلسل استعمال کو ثابت کرنا بھی ضروری تھا۔
یہ پائلٹ پروگرام سندھ لرننگ پروگرام کے زیرِ توجہ اضلاع دادو، ٹنڈو الہ یار، تھرپارکر اور عمرکوٹ سے شروع کیا گیا، اور بعد ازاں اسے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک بڑھایا گیا۔
تربیت سے پہلے اور بعد میں 2,146 اساتذہ پر کیے گئے سروے سے تدریسی طریقہ کار میں واضح تبدیلیاں سامنے آئیں۔ سبق کے مواد پر نظرثانی کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والے اساتذہ کی شرح صفر سے بڑھ کر 79 فیصد ہوگئی، جبکہ طلبہ کے امتحانی پرچہ جات کی تیاری کو آسان قرار دینے والوں کی شرح 51 سے بڑھ کر 92 فیصد ہوگئی۔ بعد ازاں ہونے والی گفتگو میں اساتذہ نے بتایا کہ اس سے ہر ہفتے سبق کی تیاری میں کئی گھنٹے کی بچت ہوئی، اور طلبہ کی جماعت میں دلچسپی اور شمولیت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
آج بیچ لگژری ہوٹل، کراچی میں منعقدہ اساتذہ کے اعتراف اور جشن کی تقریب میں،
[بیانات کی حتمی تصدیق تقریب کے روز ادا کیے گئے عین الفاظ اور متعلقہ مقررین کی منظوری کے بعد کی جائے گی]
ڈاکٹر فوزیہ خان، چیف ایگزیکٹو ایڈوائزر، کریکیولم ونگ، محکمہ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس پائلٹ پروگرام نے ثابت کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے آلات کو نصاب کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر روزمرہ تدریسی عمل میں شامل کیا جا سکتا ہے، اور انہوں نے پروگرام کی سندھ کریکیولم کے ساتھ گہری ہم آہنگی کو مستقبل میں اس اقدام کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد قرار دیا۔
مسٹر ذیشان حسن، چیف ایگزیکٹو آفیسر، خان اکیڈمی پاکستان نے تربیتی پروگرام کی پیش رفت اور نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی، جس کے بعد سرکاری اساتذہ کے ایک گروپ نے اپنے تاثرات اور تجربات بیان کیے۔ اس کے بعد تربیت مکمل کرنے کے اعتراف میں تربیت یافتہ اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
مسٹر امین ہاشوانی، بورڈ ممبر، خان اکیڈمی پاکستان نے کہا کہ اس ہائبرڈ تعلیمی ماڈل نے ثابت کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت، اگر سمجھداری سے استعمال کی جائے تو یہ اساتذہ کی جگہ لینے کے بجائے انہیں مزید مؤثر بنا سکتی ہے، اور انہوں نے ایس ای ایل ڈی، یونیسف اور خان اکیڈمی پاکستان کے مابین شراکت داری کی مضبوطی کو سراہا۔
مسٹر پریم بہادر چند، چیف فیلڈ آفیسر، یونیسف سندھ فیلڈ آفس نے کہا کہ یونیسف کو حکومتِ سندھ کے ساتھ مل کر اساتذہ کو وہ ڈیجیٹل اور تدریسی مہارتیں فراہم کرنے پر فخر ہے جو بچوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کے لیے درکار ہیں، اور انہوں نے ان اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے جوش و جذبے اور یکسوئی کے ساتھ اس تربیت میں حصہ لیا۔
مسٹر زاہد علی عباسی، سیکرٹری، محکمہ سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی نے بطور مہمانِ خصوصی کہا کہ کسی بھی تعلیمی نظام کا معیار بنیادی طور پر اس کے اساتذہ کے معیار پر منحصر ہوتا ہے، اور محکمہ سندھ کے ہر بچے کے لیے بہتر تعلیمی نتائج کو یقینی بنانے والی ٹیکنالوجی پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت کو وسعت دینے کے عزم پر قائم ہے۔
یہ پروگرام ایس ای ایل ڈی اور خان اکیڈمی پاکستان کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت کے ذریعے باضابطہ طور پر شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد جماعت اول سے آٹھویں تک پڑھانے والے سرکاری اساتذہ کو عملی مصنوعی ذہانت پر مبنی تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔
ایس ای ایل ڈی، یونیسف اور خان اکیڈمی پاکستان نے سندھ کے ہر بچے کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ کی خاطر اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی طریقہ ہائے کار کو مزید وسعت دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔