شجرکاری کو قومی تحریک بنایا جائے

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

شجرکاری کو قومی تحریک بنایا جائے

شجرکاری کو قومی تحریک بنایا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا موسمیاتی تبدیلی پر مؤثر اقدامات کا مطالبہ


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلات کے کٹاؤ سے بارشوں، سیلاب اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔


ایاز صادق نے کہا کہ درخت ماحولیاتی توازن اور کرہ ارض کے حسن کے ضامن ہیں، اس لیے شجرکاری کو صرف موسمی مہم نہیں بلکہ مستقل قومی تحریک بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے مشترکہ قومی عزم کی ضرورت ہے، اور ہر فرد کو اس مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔


انہوں نے تجویز دی کہ اسکولوں، کالجوں اور شہری علاقوں میں شجرکاری مہمات چلائی جائیں تاکہ نئی نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں، بلکہ ان کی نگہداشت اور تحفظ بھی اتنا ہی ضروری ہے۔


ایاز صادق نے پائیدار ترقی کے لیے شجرکاری کو بنیادی عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔