کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی شدید صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج میدان میں آ گئی۔ کور فائیو کی انجینئرنگ ٹیم ہیوی مشینری اور بوٹس کے ساتھ غریب آباد انڈر بائی پاس پہنچی اور نکاسی آب کا عمل شروع کردیا۔
شدید بارشوں کے بعد کراچی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جس سے ٹریفک کی روانی اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوگئیں۔ اس صورتحال میں پاک فوج نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر پانی کی نکاسی کا کام سنبھال لیا۔ کور فائیو کی انجینئرنگ ٹیم نے ہیوی پمپنگ مشینوں اور بوٹس کی مدد سے پانی نکالنے کا عمل تیز کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد سبحان کے مطابق، ضلعی انتظامیہ، واٹر بورڈ اور فوج کی مشترکہ کوششوں سے شام تک ڈسٹرکٹ سینٹرل کے متاثرہ علاقوں سے پانی صاف کر دیا جائے گا۔ شہریوں نے فوج کی شمولیت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی معمولاتِ زندگی بحال ہوجائیں گے