چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا دورہ: پاکستان کے ساتھ دوستی، تعاون اور سیلاب متاثرین کی مدد پر زور
اسلام آباد چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد دوست سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، محبت اور تزویراتی شراکت داری مسلسل مضبوط ہو رہی ہے۔
وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی رکھتا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیں گے، خاص طور پر صنعت، زراعت اور مائننگ کے شعبوں میں۔
چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کو "ہائی کوالٹی تعاون" کی نئی سطح پر لے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک سی پیک کی ترقی و تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو دونوں ممالک کا مشترکہ ہدف قرار دیا۔
وانگ ژی نے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور چین مختلف امور پر مسلسل بات چیت کرتے رہیں گے تاکہ باہمی اعتماد قائم رہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اس دورے کا منتظر ہے اور اسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل سمجھتا ہے۔