اسلام آباد: وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر اظہارِ اطمینان

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

اسلام آباد: وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر اظہارِ اطمینان

اسلام آباد: وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی سفیر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر اظہارِ اطمینان


اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاک-سعودی تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔


وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک بھارت کشیدگی میں سعودی حکومت کے مؤثر کردار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ "جنگ ہو یا امن، سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ رشتہ مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔


محسن نقوی نے سعودی عرب میں بھیک مانگنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں تاکہ ملک کی عزت و وقار کو نقصان نہ پہنچے۔


سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر دوست ملک ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔