بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا، پاکستان میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا
اسلام آباد:
بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد وزارتِ آبی وسائل نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ آبی وسائل کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ہریکے اور فیروز پور کے مقامات پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے بھی ان دونوں مقامات پر ممکنہ سیلاب سے متعلق پاکستان کو مطلع کر دیا ہے۔
حکام نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے اور ممکنہ انخلاء کی تیاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔