پاکستان کرکٹ ٹیم کا جنوبی افریقا سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان
قومی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ شان مسعود ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے، جبکہ اسکواڈ میں تین نئے کھلاڑی آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور میں، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل اسکواڈ کو مزید مختصر کیا جائے گا۔
ایشیا کپ کھیلنے والے کھلاڑی 4 اکتوبر کو اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ اسکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ شفیق، امام الحق، سلمان علی آغا، سعود شکیل، عامر جمال، حسن علی، خرم شہزاد، نعمان علی، ساجد خان، کامران غلام اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیریز کے لیے مکمل تیاری کی جا رہی ہے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی جائے گی۔