پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے، مصدق ملک
اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم اُس بحران کی قیمت چکا رہے ہیں جو دوسروں نے پیدا کیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی عصرِ حاضر کا سب سے بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے وسائل کے مؤثر استعمال اور انسانی ترقی کا فروغ قومی ترجیح بن چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کا ثقافتی ورثہ بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ حالیہ سیلابوں نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔