جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ برونائی، دفاعی تعاون پر اہم ملاقاتیں
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی کا اہم دورہ کیا، جس میں انہوں نے سلطان حاجی حسن البلقیہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی کے وزیر دفاع اور آرمی کمانڈر سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور برونائی کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دورے کے دوران جنرل ساحر نے ڈیفنس اکیڈمی میں "علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کا کردار" کے موضوع پر خطاب کیا اور 19 ممالک کے افسران سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
برونائی کی قیادت نے پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ رائل برونائی آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔