اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیمبر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر اختلافات ہیں

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

 اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیمبر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر اختلافات ہیں

اسلام آباد:  

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیمبر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے پر اختلافات ہیں۔ اپوزیشن کے کئی ارکان نے رابطہ کیا ہے کہ اچکزئی انہیں قبول نہیں۔


ایاز صادق نے کہا کہ اگر اپوزیشن حکومت سے مذاکرات چاہے تو وہ سہولت کار کا کردار ادا کریں گے، تاہم ابھی تک اپوزیشن کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر کسی سے اجازت نہیں لینی، وزیراعظم نے اس حوالے سے فیصلوں کا اختیار دیا ہے۔


اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بڑوں سے مشاورت اور نصیحت لینا ضروری ہے، اپوزیشن کو کہا ہے کہ لیڈر کی تعیناتی پر سیاست نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالتی پٹیشن سے متعلق دستاویز کی فراہمی کے لیے چار خطوط لکھے ہیں اور آئندہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا پراسیس شروع ہوگا۔


ایاز صادق نے کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی انہیں اسپیکر نہیں مانتے تو تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔ اپوزیشن کے اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کرنا پڑے گی، تاہم اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ مذاکرات صرف پارلیمنٹ کے اراکین کے درمیان ہی کروا سکتے ہیں، اگر کوئی غیر رکن مذاکرات کا حصہ بننا چاہتا ہے تو حکومت سے رابطہ کرے۔