سندھ حکومت کے بڑھتے کورونا کیسز پر بڑے فیصلے۔ کل سے ہوٹل، ریسٹورنٹ میں انڈور ڈائننگ جبکہ سترہ جولائی سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول بند ہوجائیں گے۔نویں اور دسویں کے امتحانات جاری رہیں گے۔
کراچی سمیت سندھ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ۔ صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں اہم فیصلے۔15 جولائی سے انڈور ڈائننگ جبکہ 17 جولائی سے پہلی تاآٹھویں جماعت تک اسکول بند ہوجائیں گے۔ تاہم نویں اور دسویں کے امتحانات ایس او پیز کے ساتھ جاری رہیں گے۔ سندھ حکومت کا 15 جولائی سے سینما جبکہ 16 جولائی سے پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، انڈور جمز اور انڈور کھیل بھی بند کرنے کا فیصلہ۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد مسافر سفر کرسکیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا پابندیوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا۔ پابندیوں کا اطلاق 31جولائی تک ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی شرح 5 فیصد سےبڑھے تو یہ تشویشناک ہے ۔ کراچی میں صورتحال کافی خراب ہے۔ منگل کو کراچی میں نئے کیسز کی شرح 17.11 فیصد تھی۔12 جولائی تک صوبے میں یوکے ویرینٹ کے 92، سائوتھ افریقہ کے 162، برازیلین ویرینٹ کے 29، انڈین کے 66، پی ون کے 3، اور وائلڈ ٹائپ کا ایک کیس ظاہر ہوا ہے۔محکمہ صحت سندھ نے 12 جولائی کوچیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں پرائمری اسکول اور انڈور ڈائننگ بند کرنے کی تجویز دی تھی ۔