کوئٹہ سے علاج کی خاطر کراچی لایا گیا کانگو وائرس کا مریض چل بسا۔ شہر کے اسپتالوں میں مجموعی طور پر کوئٹہ سے سترہ افراد کو لایا گیا۔متاثرہ ڈاکٹر سمیت تین مریض انتقال کرگئے۔دو کو ڈسچارج کردیا گیا جبکہ بارہ زیر علاج ہیں۔
کوئٹہ سے پینتیس سالہ شخص کو آج صبح ہی تشویشناک حالت میں نیپا کراچی میں واقع سندھ وبائی امراض اسپتال لایا گیا تھا۔ کانگو وائرس کی تصدیق ہونے پر مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کرنے کے ساتھ طبی امداد فراہم کی گئی۔ مریض کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا تھا ،، اور وہ دورا ن علاج چل بسا۔دوسری جانب شہر کے نجی اسپتال میں کوئٹہ سے سولہ مریضوں کو منتقل کیا گیا تھا۔ ان میں سے دو کو ڈسچارج کردیا گیا۔ ڈاکٹر شکر اللہ سمیت دو انتقال کرچکے جبکہ بارہ مریض زیر علاج ہیں۔ کوئٹہ سے کراچی کے مختلف اسپتالوں میں لائے گئے کانگو وائرس کے تین مریض انتقال کرچکے جبکہ بارہ زیر علاج ہیں۔