وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی کی مشترکہ نیوز کانفرنس

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

 وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی کی مشترکہ نیوز کانفرنس

اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی کی مشترکہ نیوز کانفرنس، دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور سی پیک منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی۔


اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وانگ ژی سے خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔


وزیر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان کی سالمیت اور علاقائی تحفظ کے لیے چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک فیز ٹو، عوامی سطح پر روابط اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔


اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے۔ انہوں نے چین اور پاکستان کو "آہنی برادر ممالک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا رشتہ اعتماد، محبت اور تعاون پر مبنی ہے۔


چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین دوطرفہ تعاون کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے اور سی پیک سمیت تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔