سیلابی صورتحال پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا اہم اجلاس، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

سیلابی صورتحال پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا اہم اجلاس، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

سیلابی صورتحال پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا اہم اجلاس، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری


اسلام آباد/لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کو چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک میں جاری سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ میدانی علاقوں میں جاری ہے، مغربی دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ مشرقی دریاؤں میں سیلابی کیفیت برقرار ہے۔


چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون کا دورانیہ غیر معمولی طور پر طویل ہے، اور دریائے چناب میں 10 لاکھ کیوسک کا ریلا موجود ہے۔ سیلابی علاقوں سے لوگوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، جبکہ ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔


وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو مزید مربوط اور تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے نارووال کو آفت زدہ قرار دینے کی تجویز بھی دی۔


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نارووال اور سیالکوٹ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں، اور انتظامیہ و ریسکیو اداروں نے ہنگامی صورتحال میں قابلِ تحسین کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چار دہائیوں میں مون سون کا ایسا طویل سلسلہ نہیں دیکھا گیا، اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو نقصان کہیں زیادہ ہوتا۔


مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا ہے، اور اب تک 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، اور حکومتی غفلت کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔