ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے نئی زندگی کا آغاز کر لیا
کراچی: ناظم جوکھیو کی بیوہ، شیریں جوکھیو نے چھ ماہ قبل آصف نامی شخص سے دوسری شادی کر لی۔ اس فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی حق ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کو نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شیریں جوکھیو نے ایک حالیہ بیان میں واضح کیا کہ آصف ان کے ہر کام میں مدد کرتا ہے اور وہ صرف ڈرائیور نہیں بلکہ ایک معاون ساتھی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ یہ شادی کسی مجبوری یا دباؤ میں ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آصف کی پہلی اہلیہ نے ان سے رابطہ کر کے کہا کہ وہ پانچ ماہ کی حاملہ ہیں، اس لیے شادی کا تذکرہ فی الحال نہ کیا جائے۔ شیریں جوکھیو نے اعتراف کیا کہ ان کی شادی گھر والوں کی مرضی کے خلاف ہوئی، لیکن یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا جسے وہ اپنے حق کے طور پر دیکھتی ہیں۔
شیریں جوکھیو نے سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "ڈرائیور سے شادی" کا بیانیہ غلط ہے اور اس سے ان کی ذاتی زندگی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ناظم جوکھیو کی جدوجہد کو یاد رکھتی ہیں، لیکن اب اپنی زندگی کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔