وزیراعظم کی قیادت میں ن لیگ کا وفد صدر مملکت اور بلاول بھٹو سے ملاقات کے لیے آیا
کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا وفد صدر مملکت اور ان سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔ ملاقات میں ن لیگی وفد نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلزپارٹی کی حمایت طلب کی۔
بلاول بھٹو کے مطابق مجوزہ ترمیم میں آئینی عدالت کے قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی، ججز کے تبادلے کا اختیار، اور آرٹیکل 243 میں ترمیم جیسے نکات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کو وفاق کو واپس دینے کی تجویز بھی ترمیم کا حصہ ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید بتایا کہ مجوزہ ترمیم میں این ایف سی میں صوبائی حصے کے تحفظ کا خاتمہ اور الیکشن کمیشن کی تقرری پر جاری تعطل کو ختم کرنے کی شقیں بھی شامل ہیں۔
بلاول بھٹو نے اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 6 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، جو صدر آصف علی زرداری کی دوحہ سے واپسی پر منعقد ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترمیم پر پارٹی کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔