پاکستان کو کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا رکن دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ: دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو 2026 سے 2028 کی مدت کے لیے ایگزیکٹو کونسل کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔ یہ انتخاب دی ہیگ میں کانفرنس آف اسٹیٹس پارٹیز کے 30ویں اجلاس کے دوران عمل میں آیا۔
کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق کنونشن کے 193 رکن ممالک ہیں۔ ایگزیکٹو کونسل کنونشن کے مؤثر نفاذ اور اس کی پاسداری کی نگرانی کی ذمہ دار ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایگزیکٹو کونسل رکن ممالک کو سائنسی اور معاشی ترقی کے لیے معاونت بھی فراہم کرتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کنونشن کے مقاصد کی تکمیل میں ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اس کردار کو جاری رکھے گا۔