اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے تاجکستان کی وزیر ثقافت کی ملاقات
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے تاجکستان کی وزیر ثقافت نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات اور وزیر قومی ورثہ و ثقافت بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کا مشترکہ ورثہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں جاری مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں جاری پاکستان تاجکستان ثقافتی ہفتہ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور ثقافت سمیت کثیر جہتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے تاجک صدر امام علی رحمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ تاجک صدر آئندہ سال پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
تاجک وزیر ثقافت نے وزیراعظم کو صدر امام علی رحمان کی نیک خواہشات پہنچائیں اور پاکستان کی مہمان نوازی اور ثقافتی سفارت کاری کے عزم کو سراہا۔