کراچی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے وفود کی ملاقات، منشیات کے خلاف آگاہی اور نوجوانوں کی ذہنی صحت پر تفصیلی گفتگو۔
کراچی میں وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے نوجوان قانون ساز شریک ہوئے۔ اس موقع پر منشیات کے خلاف آگاہی، نوجوانوں کی ذہنی صحت اور سماجی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کراچی میں ہونے والی ملاقات میں وائی پی ایف کی صدر سیدہ نوشین افتخار، جنرل سیکریٹری نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی، انفارمیشن سیکریٹری محمد اقبال خان سمیت اویس حیدر جکھڑ، شائستہ خان، راجہ محمد علی اور راجہ شعیب اختر شریک ہوئے۔ینگ پارلیمنٹیرین سندھ بورڈ کے وفد میں شارق جمال، خرم کریم سومرو، عامر صدیقی اور آصف موسیٰ شامل تھے۔ ملاقات میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، اینٹی نارکوٹکس فورس، محکمہ صحت اور ایکسائز کے افسران بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم سندھ نے نوجوان قانون سازوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر قانون سازی کے لیے خیالات اور تجربات کا تبادلہ مثبت نتائج دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے رجحان کو روکنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگاملاقات میں طلبہ کو ابتدائی عمر میں منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنے، والدین اور اساتذہ کے کردار کو مؤثر بنانے، بحالی مراکز اور اسکول لیول پر نفسیاتی مشاورت کے نظام کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، کھیلوں اور تخلیقی کاموں کی طرف راغب کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔