کراچی میں ہیوی ٹریفک ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہو گئی۔

عمران عمران

کراچی میں ہیوی ٹریفک ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہو گئی۔

 

 

 

کراچی میں ہیوی ٹریفک ایک بار پھر جان لیوا ثابت ہو گئی۔ آئی سی آئی پل کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے بعد پولیس نے واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد آپس میں دوست تھے۔ رواں ماہ کے انتیس دنوں میں ہیوی ٹریفک کے حادثات میں بیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کراچی میں ایک اور جان لیوا ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں آئی سی آئی پل کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو کچل ڈالا۔

حادثے میں جاں بحق دونوں افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت گلفہام اور عامر کے نام سے ہوئی۔

متوفی گلفہام پولیس اہلکار تھا، جو گارڈن تھانے میں تعینات تھا۔ دونوں جاں بحق افراد آپس میں دوست اور بہار کالونی کے رہائشی تھے۔

متوفی گلفہام چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور دو بچوں کا باپ تھا۔

پولیس کے مطابق حادثے کے فوری بعد کارروائی کرتے ہوئے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے 29 دنوں میں ہیوی ٹریفک کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔