لاہور: پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 13ویں بیج کی افتتاحی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق اس بیج میں لاہور گیریژن یونیورسٹی کے 35 طلبا و طالبات شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیا نے تقریب کی صدارت کی اور طلبہ کو انٹرن شپ پروگرام کے فیچرز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و تحقیق کے میدان میں طلبہ کے ساتھ براہ راست رابطے کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ انٹرن شپ سے طلبہ کو اپنے کیرئیر ڈویلپمنٹ میں مناسب رہنمائی حاصل ہوگی۔
ترجمان کے مطابق، طلبہ کو 6 ہفتوں کے دورانیے کے لیے مختلف فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ اٹیچ کیا گیا ہے۔ اس دوران انہیں فیلڈ پولیسنگ، انسداد جرائم اور پبلک سروس ڈلیوری کے پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ طلبہ کو آئی ٹی، سی ٹی ڈی، سیف سٹی اتھارٹی اور انویسٹی گیشن میں پولیسنگ امور کی بھی تربیت دی جائے گی۔ انٹرن شپ کے اختتام پر طلبہ و طالبات اپنے مشاہدات اور تجربات پر مبنی پریزنٹیشن بھی پیش کریں گے۔
یہ پروگرام نہ صرف طلبہ کو عملی تربیت فراہم کرے گا بلکہ پولیس اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔