بلدیاتی انتخابات میں پارہ ہائی۔ ضلع ملیر، آسو گوٹھ میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔
بھینس کالونی بختاور گوٹھ میں سیاسی جماعت کے کارکن اور آزاد امیدوار کے حامی جھگڑ پڑے۔ ضلع ملیر یو سی ٹو میں بھی پیپلز پارٹی کے رہنما کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے پر کشیدگی ہوگئی۔رات میں مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے سات پولنگ کیمپس کو آگ لگادی گئی۔
ضلع ملیر، آسو گوٹھ یوسی ٹو میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔ ایس ایس پی ملیر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کی نفری نے صورتحال پر قابو پایا۔بھینس کالونی بختاور گوٹھ میں سیاسی جماعت کے کارکن اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کشیدگی پر قابو پالیا ۔
جھگڑے کے باعث کچھ دیر کے لئے پولنگ کا عمل رک گیا۔ضلع ملیر میں یو سی ٹو میں پیپلز پارٹی کے رہنما سلمان مراد نے مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشن نمبر دو سو سو اور دوسو تین میں داخلے کی کوشش کی،، جس سے کشیدگی پیدا ہوگئی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے الزام لگایا کہ پولنگ ایجنٹس کے منع کرنے کے باوجود سلمان مراد پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے۔ دوسری جانب ملیر ،تھانہ سعود آباد کی حدود میں رات گئے سیاسی جماعت کے کیمپس کو مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے آگ لگادی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بوائز سیکنڈری اسکول کے قریب جماعت اسلامی ، پی ٹی آئی اور مہاجر قومی موومنٹ کے کیمپس کو آگ لگائی گئی۔
ملیر سٹی، علیم آباد میں بھی سیاسی جماعت کےدو کیمپس کو مبینہ طور پرآگ لگادی گئی۔ اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ مبینہ طور پررات سے اب تک جلائے جانے والے کیمپس کی تعدد سات ہو گئی ہے۔ کیمپس مبینہ طور پر ضلع کورنگی اور ملیر میں جلائے گئے ہیں۔