سندھ کے ساحلی علاقوں کو سمندری طوفان سے لاحق خطرات کے پیش نظر چونسٹھ ہزار افراد کا انخلا۔
باقی رہ جانے والے دس ہزار افراد کی منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے مطابق مجموعی طور پر خطرات سے دوچار چوہتر ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا جانا ہے۔
ان میں سے چھیاسی فیصد یعنی چونسٹھ ہزار سے زائد افراد کی منتقلی عمل میں آچکی ہے۔ تینتالیس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیاہے جبکہ بیس ہزار سے زائد افراد رضاکارانہ طور پر ساحلی پٹی سے محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔
تحصیل شہید فاضل راہو سے چوبیس ہزار ، تحصیل بدین سے سترہ ہزار ، کیٹی بندر سے تیرہ ہزار اور تحصیل کھارو چھان سے گیارہ ہزر کے لگ بھگ افراد کی منتقلی عمل میں آئی ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ باقی رہ جانے والے دس ہزار سے زائد افراد کو بھی جلد منتقل کردیا جائے گا۔