سندھ سے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پربھی کاغذاتِ نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری رہا۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر سحر کامران اور روبینہ قائمخانی جبکہ ایم کیو ایم کی آسیہ اسحاق نے بھی نامزدگی فارم وصول کئے۔ اقلیتوں کی نشستوں پر بھی کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرائے گئے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جاری اور وصول کئے جارہےہیں۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے علاوہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنےو الی خواتین نے بھی فارم وصول اور جمع کرائے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ کے مطابق سندھ سے قومی اسمبلی میں خواتین کی چودہ نشستیں ہیں جبکہ سندھ اسمبلی میں خواتین کی انتیس اور اقلیتوں کی نو مخصوص نشستیں ہیں۔مخصوص نشستوں کے لئے سیاسی جماعتیں ترجیحی فہرستیں بائیس دسمبر تک جمع کراسکتے ہیں۔