پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ کی ہیٹ ٹرک۔

عمران عمران

 پیپلز پارٹی کے  مراد علی شاہ کی ہیٹ ٹرک۔


پیپلز پارٹی کے  مراد علی شاہ کی ہیٹ ٹرک۔ تیسرے بار وزیراعلی سندھ منتخب۔ انہیں ایک سو بارہ ارکان  کے ووٹ ملے۔ ایم کیوایم  کے امیدوار علی خورشیدی نے چھتیس ووٹ لئے۔ نو  آزاد ارکان اور جماعت اسلامی کے ایک رکن  رائے شماری میں شریک نہیں ہوئے۔ گورنر  سندھ   کامران ٹیسوری کل  گورنر ہاوس میں منعقدہ تقریب میں نومنتخب وزیراعلی    سے عہدے کا حلف لیں گے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس تیس   منٹ کی تاخیر سے  اسپیکر اویس قادر شاہ کی صدارت میں شروع ہوا۔ پیپلز پارٹی کے رکن نادر مگسی نے رکنیت کا حلف اٹھا یا ، جس کے بعد ایوان میں پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد ایک سو بارہ  ہو گئی۔ اسپیکر نے  وزیراعلی  کے انتخابات  کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایوان کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اراکین ایوان سے باہر جا کر حکومتی دروازے اور اپوزیشن دروازے کے ذریعے دوبارہ ایوان میں داخل ہوکر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی اسپیکر  نے ہدایت  کی کہ مراد علی شاہ کو ووٹ دینے والے  ارکا ن دائیں جانب اور علی خورشیدی کو ووٹ دینے والے ارکان اسمبلی بائیں جانب جائیں ۔ جس رکن کا نام پکارا جائے وہ اپنا کارڈ لے کر لابی میں چلا جائے۔ سب سے پہلے   اعجاز سواتی کانام پکارا گیا۔ آزاد امیدواروں کی جانب سے لوٹے لوٹے کے نعرے لگائے گئے۔آزاد رکن اسمبلی اعجاز سواتی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ مراد علی شاہ ایک سو اڑسٹھ کے ایوان میں ایک سو بارہ ووٹ لے کر    تیسرے بار وزیراعلی سندھ منتخب ہوگئے۔ ایم کیو ایم کے رکن علی خورشیدی  کو چھتیس ارکان  کی  حمایت حاصل کر سکے۔  ایوان میں  پیپلز پارٹی کے ایک سو پندرہ ارکان میں سے ایک سو بارہ نے حلف اٹھالیا ہے۔پیپلز پارٹی کے دو اراکین سینیٹر جام مہتاب ڈہر اور سینیٹر نثار کھوڑو نے اب تک  حلف نہیں اٹھایا۔ ایم کیوایم  کے چھتیس اور  نو آزار ارکان    بھی   حلف اٹھاچکے ہیں۔  جماعت اسلامی کے ایک رکن نے حلف اٹھایا ہے جبکہ  ایک رکن کی جانب سے  انتخابی گوشوارے جمع  نا کروانے  کے باعث الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ جی ڈی اے کے تین اراکین نے تاحال رکنیت کا حلف نہیں لیا ۔ الیکشن کمیشن نے خواتین کی دو اور اقلیت کی ایک مخصوص نشست کے نوٹی فکیشن بھی جاری نہیں کئے۔ ایوان میں موجو د نو  آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی درخواست دی ہوئی ہے۔گورنر ہاوس میں  منگل  ستائیس فروری کی  شام چھ بجے  ہونے والی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری  نومنتخب وزیراعلی  سندھ مراد علی شاہ  سے عہدے کا حلف لیں گے۔