کراچی وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن 26 آئینی ترمیم کی منظوری پر اظہار تشکر کے طور پر 28 اکتوبر کی شام کو مزار قائد کے باہر جشن منائے گی۔ 27 اکتوبر کو بھی آل پارٹیز حریت کانفرنس ہے تحت آرٹس کونسل تا کراچی پریس کلب نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں بھی کراچی ڈویژن بھرپور شرکت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری آصف خان، تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز، پیپلز ڈاکٹرز فورم، پیپلز لائرز فورم، پیپلز لیبر بیورو سمیت دیگر ذیلی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت پورا ملک 26 آئینی ترمیم کی منظوری اور اس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اہم کردار پر خوشی کا اظہار کررہا ہے اور اس خوشی کو دوبالا کرنے کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن 28 اکتوبر بروز پیر کو شام 6 بجے، مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ کے باہر ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کررہی ہے، جس میں کراچی بھر کے تمام عہدیداران، ذمہ داران و کارکنان اور کراچی کی عوام بھرپور شرکت کرے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس سے ایک روز قبل 27 اکتوبر 1947 میں بھارتی جارحیت کے خلاف ہر سال کی طرح اس سال بھی آل پارٹیز حریت کانفرنس کے تحت آرٹس کونسل تا کراچی پریس کلب نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن بھرپور شرکت کرے گی اور اس ریلی میں بھی شہر بھر سے ہمارے کارکنان شرکت کریں گے اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ اجلاس میں کراچی میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور جن جن ڈسٹرکٹ میں یہ ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں اس ڈسٹرکٹ کے صدر و جنرل سیکرٹری نے اس حوالے سے امیدواروں اور اب تک کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ان ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے تمام نشستوں سے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں اور یہ تمام تیر کے نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو ہدایات دی کہ اس سلسلے میں جن جن یوسیز میں یہ ضمنی انتخابات ہورہے ہیں وہاں بھرپور انتخابی مہم شروع کی جائے اور اس میں خواتین ڈویژن بھی گھر گھر پارٹی کا پیغام پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جو عوامی مفاد کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی نے کہا کہ 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں سانحہ کارساز کے حوالے سے منعقدہ جلسہ میں کراچی سے پارٹی کے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان کی شرکت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عہدیداران و کارکنان کی جانب سے پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بنانے اور عوام کو ان کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔