خواجہ سرا فیسٹیول

عرفان علی عرفان علی

خواجہ  سرا  فیسٹیول

پاکستان کی خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے  دوسرا "خواجہ فیسٹیول"  رواں ماہ 9نومبر کو کراچی میں ہوگا


کراچی  پاکستان کی خواجہ سرا کمیونٹی نے دوسرا خواجہ سرا  فیسٹیول"  رواں ماہ 9 نومبر کو کراچی میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیسٹیول میں پاکستان بھر سے خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد اور سول سوسائٹی کے لوگ شرکت کریں گے۔   یہ اعلان مس کامی چوہدری ( معروف ٹرانس جینڈر ایکٹوسٹ و پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ماڈل)، ڈاکٹر سارہ گِل (پاکستان کی پہلی میڈیکل ڈاکٹر)، حنا پٹھانی (صدر، فیسیول)،   بیبو حیدر (ٹرانس جینڈر ایکٹوسٹ)، راجہ ولید، معظم بنواز،  بندیا رانا اور دیگر نےکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ "خواجہ فیسٹیول " کا آغاز گذشتہ سال نومبر میں کیا گیا تھا، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد پروگرام تھا۔ رواں سال ہونے والے خواجہ سرا فیسٹیول کا تھیم 'خواجہ سراوَں کی شناخت، وجود  اور خود مختاری ہے۔  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مس کامی چوہدری، ڈاکٹر سارہ گِل اور دیگر نے کہا کہ خواجہ فیسٹیول کے مقاصد سادہ اور واضح ہیں۔ بنیادی طور اس فیسٹیول کا مقصد معاشرے کی سب سے مظلوم ترین کمیونٹی کو ایک ایسا پلیفارم مہیا کرنا ہے، جو کمیونٹی  کو سال میں ایک بار ملنے اور جشن منانے کا موقع دے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق کا مطالبہ کرنا اور اپنی شناخت کے تحفّظ کے لئے آواز اٹھانابھی فیسٹیول کے ایجنڈا میں شامل  ہے۔اس پر کوئی دو رائے نہیں کہ سماجی اور انسانی حقوق کے حوالے سے پالیسی میں ترامیم کی ضرورت ہے، جن میں خواجہ سرا افراد کے مطالبات کو مدنظر رکھناوقت کی ضرورت ہے۔ ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے رہنماوَں کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ہفتہ (9 نومبر) کے دن فریئر ہال میں ہونے والا یہ فیسٹیول کسی کے بھی خلاف نہیں۔ خواجہ فیسٹیول پرامن ہوگا، اور ہم قانون و اخلاقی اقدار کی مکمل طور پاسداری کرتے ہیں۔  ہمارا مقصد معاشرے میں امن و امان اور پر امن بقائے باہمی کو یقینی بنانا ہے۔ فیسٹیول کی ڈیمانڈ خواجہ سرا کے لئے یکساں حقوق کی فراہمی اور اپنی شناخت، حیات اور خود مختاری کا تحفّظ ہے۔



  رہنماوَں کا کہنا تھا کہ فیسٹیول خواجہ سراوَں کے لیے جشن منانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد سے اپنی وابستگی کا اظہار اور اسے آگے بڑھانے کا تجدید عہد کرنے کا موقع بھی ہے۔ ہم اس دن پر اپنے اُن مرحوم خواجہ سراوَں کو بھی یاد کرتے ہیں اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کرتے ہیں، جنہوں نے کمیونٹی کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے کام کیا تھا۔  فیسٹیول روایتی میلوں کی سرگرمیوں اور رنگوں سے بھرپر ہوگا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ  فن کی دنیا سے وابستہ خواجہ سرا اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گے، جبکہ فیسٹیول میں کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز وغیرہ کا اہتمام بھی ہوگا۔