جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحت ارسا ایکٹ میں ترامیم کے خلاف کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس ہوئی۔جے یو آئی کے رہنما علامہ راشد سومرو کا کہنا ہے تمام جماعتوں نے سندھ پر چھ نہریں بنانے کی تجویز اور ارسا ایکٹ میں ترامیم مسترد کردیں۔
کل جماعتی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی کے رہنماء علامہ راشد سومرو نے کہا تمام شریک جماعتوں نے دریائے سندھ پر چھ نہریں بنانے کی تجویز اور ارسا ایکٹ میں ترامیم مسترد کردیں۔ کاشت کار وں کے علاوہ کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں میں پانی کی کمی سے عوام پریشان ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے علماء کرام نے شرعی حیثیت سے فتویٰ کا ڈرافٹ تیار کیا ہے۔دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فتویٰ جاری کیا جائے گا ۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا ایوان صدر میں ایک ملاقات ہوئی تھی،،جس میں کوئی قانونی بات نہیں ہوئی۔ہم نے تو کالا باغ ڈیم کو بننے نہیں دیا۔ہم اتحادی ہیں اور اپنا کردار ادا کریں گے۔ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نےکہا میں نے تحریری طور پر لکھا ہے کہ ارسا کو آئینی تحفظ دیا جائے۔ ہمیں ہمارے حصہ کا پانی دیں۔کراچی کو اس کی آبادی کے لحاظ سے پانی ملنا چائیے۔پنچاب اپنے حصے کے پانی سے جو مرضی آئے کرے۔