کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی موت بیکٹیریا انفیکشن کے باعث ہوئی۔ہتھنی کے پاؤں میں موجود پرانا پھوڑا اس کا سبب بنا۔ ہتھنی کی پوسٹ ماٹم رپورٹ میں حقائق سامنے آگئے۔
یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور نے ہتھنی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بلدیہ عظمی کراچی کے حوالے کردی۔ رپورٹ کےمطابق سونیا کے پاؤں میں ہونے والے پھوڑے کا علاج مدھوبالا کی سفاری پارک منتقلی کے دوران شروع کیا گیا تھا۔ جانوروں کے تحفظ کی عالمی تنظیم فورپاز سے وابستہ ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے سفاری پارک میں موجود ہتھنیوں ملکہ اور مدھوبالا کے لیے فوری اینٹی بائیوٹک علاج اور خون کے ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔فور پاز کے ماہرین کی ٹیم جلد ہتھنیوں کے معائنے کے لیے کراچی پہنچے گی۔ہاتھیوں کی صحت کے لیے فٹ کیئر اور مناسب غذا نہایت ضروری ہے۔کے ایم سی کی ٹیم کو ہتھنیوں کے لیے خصوصی خوراک اور مشورے فراہم کیے ہیں۔