حکومت سندھ کی جانب سے آئندہ مالی سال 2025-26 میں مزید بسوں کی خریداری اور ای وی ٹیکسیوں اور اسکوٹرز کے لیے بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کے تحت مختلف منصوبوں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز سمیت ای وی گاڑیوں کے لیے مختلف مقامات پر چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے مالی سال 2024-25 کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ، آئندہ مالی سال میں مجوزہ منصوبوں پر بھی جامع بات چیت کی گئی ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف سرمایہ کاروں کی جانب سے بس سروس شروع کرنے کے بارے میں بھی آگہی دی گئی ۔ اجلاس میں بتایا گیا یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے جام صادق پل کا کام مکمل ہے، حالیہ ماہ افتتاح کر سکتے ہیں ۔ اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی کی جلد تکمیل کے کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایات کی گئی ۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کراچی کے لئے مزید بسیں جلد پہنچنے کی امید ہے، کراچی کے شہریوں کے ڈبل ڈیکر بسز بھی لا رہے ہیں ۔ ہم نے کراچی میں ای وی بسز، پیپلز بس سروس جیسے کامیاب منصوبے شروع کئے، کراچی کے کونے کونے میں یہ نیٹ ورک بچھانے کے لئے کام کر رہے ہیں ۔