محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی خفیہ معلومات کے تبادلے پر میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اشتراک سے سال کی سب بڑی کاروائی کی
7 ارب روپے مالیت کی اعلی کوالٹی کی 500 کلو چرس، 100 کلو کرسٹل آئس اور بین الاقوامی برانڈ کی 2100 شراب کی بوتلیں برآمد
برآمد منشیات سے پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوتے، مکیش کمار چاولہ
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہمراہ پریس کانفرنس
14 محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے خفیہ معلومات کے تبادلے پر میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اشتراک سے گذشتہ روز سال کی سب بڑی کاروائی کی۔ جس میں 7 ارب روپے مالیت کی اعلی کوالٹی کی 500 کلو چرس، 100 کلو کرسٹل آئس اور بین الاقوامی برانڈ کی 2100 شراب کی بوتلیں برآمد کیں، برآمد منشیات سے براہ راست پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوتے۔ یہ بات صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے افسران کے ہمراہ ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول سنھ کے دفتر میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔
اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز سندھ ابوالاعلی، ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول سندھ اورنگزیب پنھور و دیگر بھی ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ کاروائی سمندر کے راستے اسمگل ہونے والی کشتیوں پر کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلرز نے منشیات کو چھپانے کی غرض سے سمندر برد کرنے کی بھی کوشش کی تھی جو ناکام ثابت ہوئی، ہماری مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی مشترکہ کاوش سے بڑے پیمانے پر لاکھوں افراد منشیات استعمال سے محفوظ رہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس طرح کی اسمگلنگ موڈ آف پیمنٹ ٹرانزیکشن کی بنیاد پر ہوتی ہیں، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ماضی میں بھی منشیات برآمدگی کے بہت بڑے کیسز کیے ہیں، ہم نے آج میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے تفصیلی میٹنگ کی اور آگے انٹیلیجنس شیئرنگ کریں گے، منشیات کی زمینی و سمندری راستوں سے اسمگلنگ کے خلاف ہماری مشترکہ کاوشیں جاری رہیں گی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی حالیہ پرفارمنس کی بنیاد پر انھیں انعامات دینے کا بھی اعلان کیا۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ چار روز قبل بھی محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے سکھر اور کراچی میں دو بڑی کاروائیاں کی تھیں، دونوں کاروائیوں میں مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کی 100کلو چرس، 10 کلو ہیروئین اور 4 کلو آئس سمیت ایک لینڈ کروزر گاڑی بھی برآمد ہوئی تھی جبکہ دونوں کاروائیوں میں خاتون سمیت تین ملزمان گرفتار ہوئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ سیف سٹی کے تحت شہر بھر میں کیمرے لگائے جارہے ہیں، سیف سٹی کیمرہ اسٹریٹ کرائمز سمیت منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھی مفید و کارگر ثابت ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے تحت کراچی میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کے 5 اسپتال چل رہے ہیں جبکہ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ و دیگر اضلاع میں بھی بحالی مراکز پر کام جاری ہے۔ نمبر پلیٹس سے متعلق سوال کے جواب میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اجرک فوبیا ہوگیا ہے، نمبر پلیٹس سے متعلق کراچی تا کشمور پورے سندھ کے لئے ایک ہی قانون ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی فیچر نمبر پلیٹس کا آئیڈیا 2011 میں آیا تھا اور 11 سال تک اسٹے مجھے لگتا ہے اجرک فوبیا کی وجہ سے تھا۔ انھوں نے کہا کہ اجرک سندھ کی ثقافت ہے، سندھ میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر اجرک کا ڈیزائن لگے گا۔ انھوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ 14 اگست نمبر پلیٹس اور رجسٹریشن کے لئے رعایت دی ہے، نمبر پلیٹس پر 14 اگست تک کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔