وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر میں پانی کی قلت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،

سدرہ عارف سدرہ عارف

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر میں پانی کی قلت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر میں پانی کی قلت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں گوادر میں پانی کی کمی اور بجلی کی بندش کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ گوادر میں پانی کا موجودہ بحران بجلی کی بندش کے باعث ہے، کیونکہ تعمیر شدہ ذخائر میں پانی کی اسٹوریج اور ترسیل بجلی کی بلا تعطل فراہمی سے مشروط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں پانی ذخیرہ کرنے کی وافر استعداد موجود ہے، اور اگر بجلی کی فراہمی بحال ہو جائے تو آئندہ سات ماہ تک پانی کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔

سرفراز بگٹی نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ مہینوں میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت فی گیلن یومیہ کے حساب سے پانی کی فراہمی کے لیے ادائیگی کر رہی ہے، اور اس ضمن میں تین ماہ کی پیشگی ادائیگی بھی کی جا چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ برقی و آبی مسائل کا مستقل اور پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا، تاکہ عوام کو بار بار ان مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ذاتی طور پر گوادر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے نگرانی کریں گے۔