اسلام آباد — پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ملازمین ایک بار پھر شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

  اسلام آباد — پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ملازمین ایک بار پھر شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں



اسلام آباد — پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ملازمین ایک بار پھر شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔22 اگست گزر چکی ہے لیکن متعدد ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی نہیں کی گئی، جب کہ حاضر سروس ملازمین بھی تنخواہوں کے منتظر ہیں۔


قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے اس معاملے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی وی انتظامیہ سے آئندہ اجلاس میں حتمی جواب طلب کر لیا ہے۔ کمیٹی کی رکن سحر کامران نے کہا، "نئی بھرتیاں ہو رہی ہیں، مگر پرانے ملازمین تنخواہ کے بغیر کام کر رہے ہیں۔ کیا ہم پی آئی اے کی طرح پی ٹی وی کی تباہی کا انتظار کریں گے؟"


پی ٹی وی ورلڈ میں نئی تقرریوں کا سلسلہ جاری ہے، جس پر سوال اٹھ رہے ہیں کہ جب موجودہ ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی جا رہیں، تو نئے افراد کو ادائیگی کیسے ممکن ہوگی۔ وزارت اطلاعات کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 30 جون تک تنخواہیں اور پنشنز ادا کی جا چکی تھیں، لیکن 35 روپے کی فیس ختم ہونے سے مالی بحران پیدا ہوا ہے۔


رکن کمیٹی مہتاب اکبر راشدی نے کہا، "عمر کے آخری حصے میں پنشن ہی واحد سوشل سیکیورٹی ہوتی ہے، مگر کئی ماہ سے پنشنز نہیں دی جا رہیں۔"


پی ٹی وی کے مالیاتی نظام پر نظرثانی جاری ہے، مگر ملازمین اور عوام دونوں اس غیر یقینی صورتحال سے پریشان ہیں۔ کیا ریاستی چینل اپنی ساکھ بحال کر پائے گا یا یہ بحران مزید گہرا ہوگا؟