سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا شاہدرہ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

 سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا شاہدرہ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا شاہدرہ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ


سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب شاہدرہ پہنچ گئیں جہاں انہوں نے سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث 12 افراد جاں بحق ہوئے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے، تاہم یہ اموات کسی ادارے کی غفلت کا نتیجہ نہیں ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ اب تک 7 افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو مثبت رپورٹنگ کی ضرورت ہے اور مشکل وقت میں سب کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔


شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سیلابی ریلے کے قریب نہ جائیں۔ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کرے گی۔ امدادی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور شاہدرہ سے گزرنے والے سیلابی ریلے کے باعث اطراف کے علاقوں سے لوگوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔


ریسکیو 1122 پورے پنجاب میں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ دریاؤں کے اطراف سے آبادی کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔ اب تک سوا لاکھ افراد اور پونے دو لاکھ مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔


دور دراز علاقوں میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کا عمل جاری ہے اور تمام ادارے گزشتہ تین دنوں سے فیلڈ میں موجود ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹھ ماہ قبل تجاوزات کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی تھی، جس کے باعث سیلاب سے زیادہ تباہی نہیں ہوئی۔


انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان تین روز سے فیلڈ میں موجود ہیں اور میڈیا کی مدد سے بھی لوگوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔