بدین اور ٹھٹھہ میں پولیو کے 2 نئے کیسز، رواں سال مجموعی تعداد 29 ہو گئی
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق سندھ کے اضلاع بدین اور ٹھٹھہ سے پولیو کے 2 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 29 ہو گئی ہے۔
ای او سی کے مطابق ستمبر میں انسداد پولیو مہم کے دوران 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔ آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک ملک بھر میں چلائی جائے گی، جس میں 4 کروڑ 54 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے لازمی طور پر حفاظتی قطرے پلوائیں تاکہ ملک کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔