45ویں پاک آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خصوصی شرکت
جہلم: 45ویں پاک آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارک مین شپ یونٹ جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ مقابلے یکم اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہے، جن میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ اور سول آرمڈ فورسز کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملٹری کالج جہلم کی سو سالہ یادگار اور کالج میوزیم کا افتتاح کیا، جسے ادارے کی تاریخی وراثت کی علامت قرار دیا گیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، جبکہ شرکاء کی نشانہ بازی کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عسکری تربیت میں نشانہ بازی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے ملٹری کالج جہلم کے نظم و ضبط اور حب الوطنی کے فروغ میں کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔
تقریب میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشنز کے دو ہزار سے زائد شرکاء نے حصہ لیا، جو ملک بھر میں عسکری مہارت کے فروغ کی علامت ہے۔