پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ریاض میں پاک سعودیہ دفاعی صنعتی فورم کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کی۔ اجلاس میں دفاعی تعاون کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور نئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ منصوبوں پر غور کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا نے سعودی دفاعی فورسز کی کپیسٹی بلڈنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ پر پیشرفت پر گفتگو کی اور دفاعی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن، استحکام اور خود انحصاری کیلئے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ سعودی قیادت نے پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی قربانیوں اور خطے کے استحکام میں کردار کو سراہا۔