کراچی میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سے ایف پی سی سی آئی کے نو رکنی وفد نے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں کی قیادت میں سینٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صوبے بالخصوص کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے سندھ پولیس کی جانب سے امن و امان کی بہتری اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات کو سراہا۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے صنعت کاروں اور تاجروں کی جانب سے ٹیکنالوجی، سیکیورٹی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرامن اور محفوظ ماحول کا قیام سندھ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون امن و امان کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ملاقات میں صنعت کاروں اور تاجروں کی سیکیورٹی سے متعلق تجاویز اور مسائل بھی زیرِ غور آئے، جن کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ وفد نے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی مزید بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔